Time 19 جنوری ، 2021
کھیل

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، کوچ اعجاز احمد

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان کرکٹرز کی اسکلز پر کام کرنے کے بعد اب قذافی اسٹیڈیم میں میچز کھیلنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اعجاز احمد— فوٹو: فائل

 پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں ابھی ایک سال باقی ہے، ابھی سے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یقین ہے کہ ایک سال میں مضبوط ٹیم بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

‏ پاکستان انڈر 19 کا اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں کھلاڑیوں کے اسکل ورک پر کام کیا جا رہا ہے۔ دس روز اسکلز اور ٹیکنیکس پر کام کرنے کے بعد اب کیمپ میں شامل کھلاڑیوں نے آپس میں میچز کھیلنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

‏ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان کرکٹرز کی اسکلز پر کام کرنے کے بعد اب قذافی اسٹیڈیم میں میچز کھیلنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے کیونکہ 7 روز کی پریکٹس اور ایک میچ برابر ہوتے ہیں۔ کھلاڑیوں کی ٹیکنیکس اور اسکلز پر توجہ دی جا رہی ہے، 40 روز کے کیمپ کے دوران میچز پر فوکس کیا جا رہا ہے، میچز میں نظر آنے والی غلطیوں پر کام کیا جائے گا۔

‏اعجاز احمد نے کہا کہ اگلے برس ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈکپ میں ابھی ایک برس ہے، نوجوان کرکٹرز میں بہت پوٹینشل ہے امید ہے کہ ایک سال میں مضبوط کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

اعجاز احمد نے کہا کہ تین سے چار کھلاڑی ایسے ہیں جو گزشتہ ورلڈ کپ بھی کھیلے ہیں، ابھی ان کے پاس نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ بھی کھیلنے کا موقع ہے اس لیے انہیں اچھی تیاری مل جائے گی۔

جونیئر کوچ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز میں اسپن بولرز کار آمد ثابت ہو تے ہیں اس لیے اسپنرز کے ایک گروپ پر کام کیا جا رہا ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کھلاڑیوں کو ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد جیسے اسپنرز کی خدمات حاصل ہیں، انہیں ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ بیٹنگ میں محمد یوسف بڑی مدد کر رہے ہیں۔ انڈر19 ٹیم کی اپنی منیجمنٹ بھی ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم مضبوط تیار ہوگی۔

‏اعجاز احمد نے کہا کہ اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ میں کھیل کے علاوہ دوسرے پہلوؤں پر فوکس کیا گیا ہے اس میں میڈیا اور عام لوگوں کا سامنا اور ذہنی طور پر کیسے مضبوط ہونا ہے، شامل ہے۔

‏ سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ انڈر 19 ٹیم کے جو ٹورز  بھی شیڈول کیے جائیں ان میں تھری ڈے کرکٹ کو بھی شامل کیا جائے تاکہ نوجوانوں میں لمبی کرکٹ کھیلنے کا ٹمپرا منٹ پیدا ہو  کیونکہ دنیا بھر میں ایج گروپ کرکٹ میں تھری ڈے کرکٹ کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :