19 جنوری ، 2021
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے اقدامات تیز کیے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا ویکسین کے حصول کیلئے قائم کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اسدعمر، حماد اظہر، معاونین خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان اور ثانیہ نشتر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ چندروز قبل دو ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے اور مزید ویکسینز کی منظوری کیلئے اقدامات کو فاسٹ ٹریک کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منظور شدہ دو ویکسینز کے حصول کیلئے اقدامات جاری ہیں اور رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسینز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے اقدامات تیز کیے جائیں۔