20 جنوری ، 2021
ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ یوٹیوب نے ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد پابندی میں توسیع کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد پابندی میں توسیع کی جارہی ہے جس کے بعد وہ اپنے یوٹیوب چینل پر مزید 7 روز تک کوئی ویڈیو اپ لوڈ نہیں کرسکیں گے اور نہ ہی لائیو اسٹریمنگ کی جاسکے گی۔
یوٹیوب نے کیپیٹل ہل حملے پر ٹرمپ کے رد عمل کو دیکھتے ہوئے ان کے یوٹیوب چینل پر 12 جنوری کو پابندی عائد کی تھی جس میں یوٹیوب کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے تشدد سے متعلق ان کی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔
ٹرمپ پر عائد پابندی میں توسیع پر یوٹیوب نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے چینل کی معطلی میں توسیع موجودہ کشیدہ اور پرتشدد حالات کے پیش نظر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کیپیٹل ہل حملے کے بعد ٹرمپ کے بیانات پر ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل بند کیا جاچکا ہے جب کہ وہ انسٹاگرام اور فیس بک سمیت اسنیپ چیٹ پر بھی بلاک ہیں۔