20 جنوری ، 2021
پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی درست طریقے سے کام نہیں کر رہی تھی، کمیٹی ناکام ہوچکی ہے، جو اسکروٹنی ہو رہی ہے وہ بالکل شفاف نہیں، تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے اور سب کے سامنے سماعت کی جائے۔
پی ٹی آئی کےممنوعہ غیر ملکی فنڈز کے لیے اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں درخواست گزاراکبرایس بابر نے اسکروٹنی کمیٹی پرعدم اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کےحوالے سے ہم نےدستاویزات ویب سائٹ سےحاصل کرکےکمیٹی کو دیں، اسکروٹنی کمیٹی نےیہ دستاویزات خودویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈکرکے پی ٹی آئی کو بھی فراہم کیں، ہم نے اسکروٹنی کمیٹی سےکہاکہ آپ ان دستاویزات کوتسلیم کرتےہیں یانہیں،آپ نےآج فیصلہ سنانا تھا، الیکشن کمیشن نےاسکروٹنی کمیٹی کو ذمہ داری دی تھی کہ دستاویزات کی تصدیق کریں یا تردید کریں۔
اکبر ایس بابر کے مطابق اسکروٹنی کمیٹی نےکہا ہم دستاویزات کی تصدیق سےمتعلق فیصلہ نہیں دیں گے،الیکشن کمیشن فیصلہ کریگا، اسکروٹنی کمیٹی کیا پی ٹی آئی کے جرائم پر پردہ ڈالنے بیٹھی ہے۔
اکبر ایس بابر کے مطابق پی ٹی آئی نےمیڈیا پر جھوٹ بولا کہ کمیٹی نےکہا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ دے گی، کمیٹی نے کچھ نہیں بولا اور اجلاس سے اٹھ کر چلی گئی،کمیٹی نے کہا کہ آپ نے ہم پر عدم اعتماد کیا اس لیے ہم اٹھ کرجارہے ہیں،ہماری درخواست الیکشن کمیشن کے سامنے موجود ہےکہ الیکشن کمیشن ریکارڈ منگواکر فیصلہ کرے۔