Time 21 جنوری ، 2021
پاکستان

’فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بنے گا اور اہمیت اختیار کر جائے گا‘

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بن جائے گا اور اہمیت اختیار کر جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والی سیاسی شخصیت ہوگی، ان کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا اور اب بھی ہوگا، مولانا میرے پیربھائی ہیں، اگر فضل الرحمان نے دعوت دی ہوتی تو اسرائیل مردہ باد ریلی سےخطاب کرتا۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بن جائے گا اور اہمیت اختیار کر جائے گا، میرا مشورہ ہے مریم نواز فارن فنڈنگ کیس پڑھ لیں، ابھی ان کی بہت سے جائیدادیں نکلنے والی ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں تعاون کیا، اگر اپوزیشن ایسا تعاون کرے گی تو لانگ مارچ میں بھی ان سے تعاون کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نےکہا کہ اپنے سے بڑا کام نہیں کرتا، نیب میرے ماتحت نہیں جب کہ میں اپنی ذمے داریوں میں کسی کو مداخلت کرنے نہیں دوں گا، بطور وزیر داخلہ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کروں گا۔

مزید خبریں :