Time 21 جنوری ، 2021
کھیل

قومی کرکٹرز نے ٹریننگ میں پانچ گھنٹے سے زائد وقت گزار کر نئی روایت قائم کردی

قومی کھلاڑیوں کی رہنمائی کیلئے کوچز مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان کے ساتھ محمد یوسف اور ثقلین مشتاق بھی نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے— فوٹو: پی سی بی

جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس شروع کردی، پاکستان ٹیم نے ٹریننگ سیشن کے پہلے روز پانچ گھنٹے سے زائد وقت گراؤنڈ پر گزار کر نئی روایت قائم کردی۔

پاکستانی کرکٹرز نے کوڈ 19 ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد جمعرات کو دن ساڑھے بارہ بجے نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کیا، سیشن کا آغاز روایتی ڈرلز کے ساتھ ہوا جس کے بعد بیس رکنی اسکواڈ نے مختلف گروپس میں ٹریننگ کا آغاز کیا۔

قومی کھلاڑیوں کی رہنمائی کیلئے کوچز مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان کے ساتھ محمد یوسف اور ثقلین مشتاق بھی نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے جنہوں نے پلیئرز کو جنوبی افریقی ٹیم سے نبرد آزما ہونے کیلئے مختلف گُر بتائے۔

جہاں محمد یوسف اور یونس خان بیٹسمینوں کے ساتھ وقت گزارتے دکھائی دیے وہیں ثقلین مشتاق نے اسپنرز کو جادو سکھانے کی کوشش کی۔

گراؤنڈ پر تین نیٹس لگائے گئے تھے، دو نیٹس بیٹنگ پریکٹس کیلئے مختص تھے جبکہ گراؤنڈ کے وسط کی وکٹ پر سینیاریو بیسڈ ٹریننگ کی گئی۔

سینیاریو بیسڈ ٹریننگ کیلئے کھلاڑیوں کو میچ کی ممکنہ جوڑیوں کو ذہن میں رکھ کر بیٹنگ کیلئے بھیجا جاتا جو بیٹنگ پریکٹس کے دوران سلپ فیلڈرز اور وکٹ کیپرز کے حصار میں بھی رہے تاکہ بھرپور پریکٹس ہوسکے۔

پاکستانی کرکٹرز نے شام ساڑھے پانچ بجے تک یہ پریکٹس سیشن جاری رکھا اور کرکٹرز ایک بار پھر کل صبح نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیلئے جمع ہوں گے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم جمعہ کی شام کراچی پہنچ جائیں گے جس کے بعد وہ ٹیم منیجمنٹ کی مشاورت سے 20 رکنی اسکواڈ کو کم کرکے 16 رکنی اسکواڈ کریں گے جو پہلے ٹیسٹ کیلئے فائنل الیون میں جگہ پانے کیلئے دستیاب ہوگا۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹرز نے بھی کراچی جیم خانہ میں بھرپور ٹریننگ کی۔مہمان کرکٹرز نے انٹرا سکواڈ میچ کی بجائے سینیاریو بیسڈ مقابلہ ہی کیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 26 جنوری سے کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :