25 جنوری ، 2021
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ حکومت اپوزیشن کی منتیں کررہی ہے لیکن اپوزیشن کوئی تعاون نہیں کرے گی، حکومتی وفد سے بات چیت کی تفصیل بتادی تو حیران رہ جائیں گے۔
ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے بلاول بھٹو کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تجویز پر کہا کہ بات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اجلاس میں سامنے آئے گی تو دیکھیں گے، سینیٹ میں عدم اعتماد کی تحریک 2018 کے الیکشن کی طرح چوری ہوگئی تھی۔
حکومت اپوزیشن کے بجائے اپنے اراکین کی فکر کرے ، وقت آنے پر استعفے بھی دیں گے ، لانگ مارچ بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی منتیں کر رہی ہے، جو باتیں حکومتی لوگ اپوزیشن چیمبر میں آکر کر رہے ہیں بتادوں تو سب حیران ہوجائیں۔
اب اس حکومت کو انشاءاللہ کوئی این آر او نہیں ملے گا، عوام کے اندر آگاہی حکومت کی کارکردگی سے آتی ہے اور کارکردگی آپکے سامنے ہے ہر روز مہنگائی کا ایک طوفان آتا ہے، پاکستان کے 73سالوں میں جو ناکامی نہیں ہوئی وہ ان ڈھائی سالوں میں پاکستان کی تنزلی کا جو سفر طے ہوا ہے اس کے لیے کسی آگاہی کی ضرورت نہیں۔