Time 25 جنوری ، 2021
کاروبار

وزارت خزانہ اورآئی پی پیز میں 450 ارب روپے کی ادائیگی کا معاہدہ طے پاگیا

وفاقی وزارت خزانہ اور انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) میں 450 ارب روپےکی ادائیگی کا معاہدہ طے پاگیا۔

دستاویز کے مطابق آئی پی پیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ابتدائی معاہدے سے آگاہ کردیا ہے جبکہ حبکو نے سینٹرل پاورپرچیزنگ کمپنی سے معاہدے کے متعلق معلومات جمع کرادیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حبکو سمیت دو درجن آئی پی پیز نے حکومت کے ساتھ ابتدائی معاہدہ کرلیا جس کے تحت وزارت خزانہ آئی پی پیز کو 40 فیصد ادائیگی فوری طور پر کرے گی جبکہ باقی 60 فیصد ادائیگی آئندہ مالی سال میں کی جائے گی۔

دستاویز  کے مطابق معاہدے کے تحت لیٹ پیمنٹ سرچارج میں کمی کی جائے گی اور معاہدے کے بعد ابتدائی 60 روز تک لیٹ پیمنٹ سرچارج 2 فیصد ہوگا۔

دستاویز بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت آئی پی پیز کو منافع کی ادائیگی ڈالر کی بجائے روپے میں ہوگی جبکہ معاہدے کی حتمی منظوری کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔