26 جنوری ، 2021
بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' میں متعدد بالی وڈ شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے اور اب حال ہی میں اس شو کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے متعدد کاروبار متاثر ہوئے ہیں اور اب 'دی کپ شرما شو' بھی اس کے شکنجے میں آگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کپل شرما شو کو فروری کے وسط سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ وبا کی وجہ سے سنیما گھر بند اور فلموں کی پروموشنز رکی ہوئی ہیں جب کہ شو میں شائقین کو بھی مدعو نہیں کیا جاسکتا۔
یہی وجہ ہے کہ شو کی انتظامیہ نے اسے اس وقت تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک تمام تر چیزیں پہلے جیسی نہیں ہو جاتیں۔
خیال رہے کہ دی کپل شرما شو کا آغاز 2018 میں کیا گیا تھا جس کہ بعد اب تک شو میں سیکڑوں بالی وڈ شخصیات کو مدعو کیا جا چکا ہے۔