27 جنوری ، 2021
لاہور قلندرز میں شامل آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، کوشش ہو گی کہ اس ایڈیشن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہو ئے ایک قدم اور آگے جائیں۔
پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے کراچی میں شروع ہوگا، اس مرتبہ میچز دو شہروں میں ہوں گے، ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ببل بوائے بین ڈنک نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں بھی لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔ اپنی دھواں دھار بیٹنگ اور ببل چبانے کی وجہ سے بین ڈنک نے خاصی شہرت سمیٹی۔
بین ڈنک کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بھی لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہا ہوں جو کہ میرے لیے بڑی خوشی کی بات ہے، گزشتہ ایڈیشن میں بھی لاہور قلندرز کی جانب سے کھیل کر بہت انجوائے کیا اب ایک مرتبہ پھر کھیلنے کا منتظر ہوں، میرا لاہور قلندرز کے ساتھ تجربہ اچھا رہا، کارکردگی بھی اچھی تھی، ہم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
بین ڈنک نے کہا کہ لاہور اور کراچی میں خوشگوار ماحول میں میچز ہو ئے، پی ایس ایل کے ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہوا، اس لیے اب میں پی ایس ایل کے اس ایڈیشن کا شدت سے انتظار کر رہا ہوں، لاہور قلندرز کی جیت کے لیے مزید اچھی کرکٹ کھیلوں گا۔
بین ڈنک نے کہا کہ اب یہ ایک مناسب وقت ہے کہ تمام ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں، پی ایس ایل کی وجہ سے ہی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، پاکستان کھلاڑیوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔
بین ڈنک نے مزید کہا کہ جنوبی افریقا کا پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ایک بڑا قدم ہے، اب پاکستان ٹیم کو اپنی تمام کرکٹ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہو ئے دیکھنا چاہتا ہوں۔