فواد عالم کے ’ارطغرل غازی‘ کے انداز میں جشن منانے کے پیچھے کیا راز ہے؟

پہلے نیوزی لینڈ اور اب جنوبی افریقا کیخلاف سنچری بناکر ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار کے انداز میں جشن منایا— فوٹو: اے پی پی 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کا سنچری کے بعد جشن منانے کا انداز ہر کسی کو پسند آگیا۔

 پہلے نیوزی لینڈ اور اب جنوبی افریقا کے خلاف سنچری بناکر ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار کے انداز میں جشن منایا۔

جنوبی افریقا کے خلاف سنچری کے بعد فواد عالم نے اس "سگنیچر اسٹائل" کی وجہ بتادی۔

35 سالہ فواد عالم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں وہ ساتھی کرکٹر اظہر علی کے ساتھ ارطغرل غازی دیکھ رہے تھے جس میں جب ارطغرل جشن میں گھوڑے کو زمین سے بلند کرتے ہیں تو اس وقت اظہر علی اور ان میں یہ طے ہوا تھا کہ جب بھی سنچری ہوئی، اس انداز میں ہی خوشی منائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پھر نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری ہوئی تو انہوں نے اس انداز کو اپناکر جشن منایا اور جس کو سب نے سراہا اور اب ایک بار پھر اس انداز کو ہی اپنایا۔

فواد عالم نے اعتراف کیا کہ یہ انداز اب ان کا ’سگنیچر‘ یعنی پہچان والا اسٹائل بن گیا ہے۔

فواد عالم نے سنچری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایک ایسے موقع پر سنچری کی جب ٹیم کو ضرورت تھی، ٹیم کیلئے جب بھی اسکور ہو ، اچھا لگتا ہے، پلان یہی تھا کہ وکٹ پر جتنا زیادہ رکیں اور اسکور کو جنوبی افریقا کے ٹوٹل کے جتنا قریب لے جائیں، اتنا اگلی اننگز میں آسانی ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں مقصد میں نا صرف کامیابی ملی بلکہ اب جنوبی افریقا کے خلاف برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

ایک سوال پر قومی بیٹسمین نے کہا کہ وہ 10 سال ٹیم سے باہر رہنے پر کسی کو الزام نہیں دیں گے، جو چیز جب نصیب میں ہوتی ہے اس وقت ملتی ہے، کسی سے کوئی شکوہ نہیں وہ خوش ہیں کہ انہیں اتنی کرکٹ مل رہی ہے اور انہوں نے اتنے رنز کیے۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ اگر 10 سال وہ کھیلتے رہتے تو شاید ان کو وہ عزت نہیں ملتی جو آج سب سے ملی ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز فواد عالم کی سنچری کی بدولت پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے جبکہ فواد عالم 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :