پاکستان
Time 29 جنوری ، 2021

ڈینئل پرل کیس: سندھ حکومت نے عمر شیخ کی رہائی کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کردی

اسلام آباد: سندھ حکومت نے ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزم عمر شیخ کی رہائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کردی۔

جیو نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف بھی عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے نظرثانی اپیل کو فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہ کا کہنا تھا عمر شیخ نے ڈینئل پرل قتل کیس میں ملوث ہونے کو قبول کیا ہے۔

واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ایک ملزم عمر شیخ کی رہائی روکنے کے لیے سندھ حکومت کی اپیل مسترد کی اور عمر شیخ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔

کیس کا پس منظر

امریکی صحافی ڈینئل پرل کو 2002 میں کراچی سے اغواء کے بعد قتل کردیاگیا تھا جس پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے احمد عمر شیخ کو سزائے موت اور دیگر 3 کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ نے ڈینیل پرل قتل کیس میں عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل جب کہ 18 برس بعد 3 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :