Time 29 جنوری ، 2021
پاکستان

اسمبلی میں کھوکھرپیلس گرائےجانے کی گونج، بابراعوان اور افضل کھوکھر آمنے سامنے

قومی اسمبلی میں کھوکھرپیلس گرائےجانے کی گونج، بابراعوان اور افضل کھوکھر آمنے سامنے آگئے۔

افضل کھوکھر نے کہا بنی گالہ 12 لاکھ روپے میں ریگولرائز کیا گیا اگر وہ قبضہ مافیا ہیں تو عمران خان سے بڑا قبضہ گروپ کون ہوسکتا ہے؟

بابراعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کسی قبضہ گروپ کو تحفظ فراہم نہیں کرتی، پنجاب حکومت نے سرکاری زمین سے قبضہ چھڑایا ،کسی پرائیویٹ زمین کو نہیں چھیڑا۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ کوئی ایسا قانون نہیں ہے کہ اسمبلی جیسا آئینی ادارہ کسی قبضہ گروپ کو تحفظ فراہم کرے جبکہ افضل کھوکھر کا کہنا تھا کہ یہ بھی اپنے ثبوت لائیں اور ہم بھی اپنے ثبوت لاتے ہیں، اگر میں غلط ثابت ہوا تو ہر سزا بھگتنے کے لیے تیار ہوں۔

جمعے کو قومی اسمبلی میں افضل کھوکھر نے استحقاق کا سوال پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 اور 24 جنوری کی درمیانی صبح چار بجے میرا اور میری بہن کا گھر بغیر نوٹس کے حکم امتناع کے باوجود گرایا گیا۔ رات کے اندھیرے میں جس طرح آپریشن کے نام پر گھر میں داخل ہو کر خواتین کو نکالا گیا اس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی،  اس سے میرا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی انسداد بدعنوانی کے خلاف میرے استحقاق کے سوال پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور اسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ یہ 45 کنال سرکاری زمین تھی اس کی قیمت ڈیڑھ ارب روپے ہے۔ سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے، پرائیویٹ پراپرٹی کو ہاتھ بھی نہیں لگایا گیا، یہ بھی درست نہیں ہے کہ رات کے اندھیرے میں ایکشن ہوا، ہم نے دن کی روشنی میں پاکستان کی زمین واگزار کرائی ہے،  پاکستان کے دس بڑے قبضہ گروپوں کے سامنے کوئی نہیں بول سکتا تھا، کوئی قانون ایسا نہیں ہے کہ اسمبلی جیسا آئینی ادارہ اس کو تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ  استحقاق وہ ہوتا ہے جس میں کوئی قبضہ یا مجرمانہ فعل شامل نہ ہو،   یہ تحریک استحقاق نہیں ہے یہ جرائم کا تحفظ ہے اس کو مسترد کیا جائے۔

افضل کھوکھر نے کہا کہ اگر قبضہ ثابت ہو جائے تو میں مجرم ہوں،  کمیٹی میں یہ اپنے ثبوت لائیں میں اپنے ثبوت لاؤں گا، مجھ پر الزامات لگانے والوں کو مجھ سے معافی مانگنی چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر کے استحقاق کے سوال پر اپنی رولنگ محفوظ کرلی ہے۔

مزید خبریں :