راحت فتح علی کی سحر انگیز آواز میں 'خدا اور محبت 3' کا ٹائٹل گیت مقبول

—اسکرین گریب

سروں کے بادشاہ استاد راحت فتح علی خان کی سحر انگیز آواز میں جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل 'خدا اور محبت' 3 کا ٹائٹل گیت (او ایس ٹی) مقبول ہو گیا۔

ڈرامہ سیریل 'خدا اور محبت 3' نے ٹیلی ویژن اسکرین پر نشر ہونے سے قبل ہی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں اور صارفین کو اس ڈرامے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

'خدا اور محبت 3' کے ٹائٹل ٹریک میں گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ نش اشعر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

اس خوبصورت ٹائٹل ٹریک کے بول نشاد نے لکھے ہیں جب کہ اس کی موسیقی نوید نشاد نے ترتیب دی ہے جسے لوگوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

'خدا اور محبت 3' کے او ایس ٹی کا دورانیہ 6 منٹ 9 سیکنڈ پر مشتمل ہے جب کہ یوٹیوب پر اس ٹائٹل گیت  کو اب تک 24 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈرامہ 'خدا اور محبت 3' کی کہانی عشق حقیقی اور عشق مجازی کے گرد گھومتی ہے۔

'خدا اور محبت' کے تیسرے سیزن میں معروف اداکار فیروز خان اور اداکارہ اقراء عزیز مرکزی کردار کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

دوسری جانب ڈرامے کی کہانی مصنف ہاشم ندیم نے لکھی ہے اور ہدایت کاری سید وجاہت حسین کی ہے۔

'خدا اور محبت' کا سیزن 3 سیونتھ اسکائی کے نامور پروڈیوسرز عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی کی سربراہی میں بنایا گیا ہے جو کہ جلد جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :