Time 31 جنوری ، 2021
پاکستان

سیالکوٹ میں لیگی رہنماؤں کی سوسائٹی میں کارروائی، 4 منزلہ عمارت گرادی گئی

سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیٹے خواجہ اسد اورسابق میئر سیالکوٹ توحید اختر کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کارروائی کی اور سوسائٹی کی چار دیواری میں تعمیر 4 منزلہ عمارت گرادی گئی۔

ضلع کونسل کا عملہ آج علی الصبح درجنوں گاڑیوں اورسیکڑوں اہلکاروں کے ساتھ سوسائٹی پہنچا اور 4منزلہ دفاتر کو گرانے کاکام شروع کردیا۔

انتظامیہ کے مطابق  ہاؤسنگ سوسائٹی 29 ایکڑپرمحیط ہے، سوسائٹی کے اپنے نقشے کے  مطابق اس کے 35 ہزاراسکوائرفٹ پرپارک تعمیر ہوناتھا لیکن سوسائٹی انتظامیہ نے اس پارک کے 12مرلہ پر4 منزلہ سوسائٹی دفتر بنادیے اور عقبی حصے سے پارک کی باقی اراضی کوپوراکرکے 37ہزاراسکوائرفٹ پرپارک بنایااور نیانقشہ ریوائس کیلئے دے دیاگیالیکن نقشہ پاس نہ ہوا۔

انتظامیہ کے مطابق غیرقانونی تعمیرات پر 11نومبر 2020 کو مقدمہ درج کیاگیاتھا جبکہ یہ سوسائٹی خواجہ آصف کے بیٹے خواجہ اسداورسابق میئر توحید اختر کی مشترکہ ملکیت ہے۔

دوسری جانب سابق میئر توحید اختر کاکہناہے کہ کارروائی سیاسی انتقام کانتیجہ ہے اور بغیرکسی نوٹس کے اتنی بڑی کارروائی کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں کھوکھر پیلس میں بھی ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کی تھی اور 38 کنال  اراضی واگزار کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم کھوکھر برادران نے اسے سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :