دنیا
Time 31 جنوری ، 2021

کورونا کی ابتدا کی کھوج ؛ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کا ووہان کی گوشت مارکیٹ کا دورہ

کورونا کے نکتہ آغاز کا پتہ لگانے والی  عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم نے وبا کے مبینہ مرکز چینی شہر ووہان کی گوشت مارکیٹ کا دورہ کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے ووہان میں اس مشتبہ مارکیٹ کا دورہ کیا جس کے بارے میں شکوک ہیں کہ اسی مارکیٹ سے ممکنہ طورپر کورونا وبا کی ابتدا ہوئی۔

اس مارکیٹ میں چمگادڑوں سمیت کئی جانوروں کو فروخت کیا جاتا ہے، جس سے یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہےکہ یہ وائرس چمگادڑوں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈبلیوایچ او کی ٹیم نے گزشتہ دو روز کے دوران اسپتالوں اورنمائشی سینٹر کے دورے بھی کیے، تفتیشی ٹیم مزید اسپتالوں،لیبارٹریز اور مارکیٹس کا دورہ بھی کرےگی۔

خیال رہے کہ ڈبلیوایچ او کی ٹیم کورونا وائرس کی ابتدا کی تحقیقات کے لیے ووہان کےدورے پر ہے۔

دوسری جانب امریکا نےکورونا وائرس کی ابتداء کی ٹھوس، شفاف اور عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ صرف عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر انحصار نہیں کیا جائےگا۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، ، برطانیہ میں ایک دن میں مزید 1200 افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے، امریکا میں کورونا اموات ساڑھے 4 لاکھ سے بڑھ گئیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے آنے پر پابندی لگادی گئی ہے، آسٹریلیا میں بھی برطانوی قسم کے کورونا وائرس سے ایک شخص کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔

مزید خبریں :