31 جنوری ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اور ڈومیسٹک ٹیم خیبرپختونخوا کے کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کے لیے پاور ہٹر تیار کرنا چاہتے ہیں۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں عبدالرزاق نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے پاس وہ تجربہ اور صلاحیتیں ہیں کہ پاکستان ٹیم کے لیے پاور ہٹرز تیار کرکے دیں۔
انہوں نے کہا کہ دو سے تین دن پلیئرز دیے جائیں تو وہ ان کو پاور ہٹنگ کی ٹریننگ دے سکتے ہیں، اچھا پاوور ہٹر بننے کے لیے بیٹ سوئنگ، بیلنس اور گیند پر نظر رکھنے کی بنیادی چیزیں ہیں جس پر کام کیا جائے تو اچھی ہٹنگ ہوسکتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کون سے پلیئرز ہیں جن کو وہ بطور پاوور ہٹر تیار کرسکتے ہیں تو سابق آل راونڈر نے فہیم اشرف، حسن علی، عماد بٹ اور آصف علی کے نام تجویز کیے۔
بطور کوچ اپنے تجربے پرٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ بطور پلیئرز انہوں نے اپنے کیرئیر میں کوچز کے رویوں سے جو سبق حاصل کیے ، کوشش کی کہ بطور کوچ انہیں باتوں کو اپلائی کریں، انہوں نے کہا کہ جن جن چیزوں کو وہ منفی سمجھتے تھے، بطور کوچ وہ کوئی کام نہیں کیا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل لیول میں کوچنگ میں فرق ہے، ڈومیسٹک میں گراؤنڈ پر زیادہ کام ہوتا ہے کیوں کہ وہاں کرکٹر کی ڈویلپمنٹ پہلی ترجیح ہوتی ہے جب کہ انٹرنیشنل میں اینالسس کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔