01 فروری ، 2021
لاہور کی عدالت نے جنسی ہراسگی کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کی گواہ اداکارہ عفت عمر کی راک اسٹار علی ظفر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا مسترد کر دی۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں علی ظفر کا میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت میشا شفیع کی گواہ اداکارہ عفت عمر نے تخفظ کے لیے سکیورٹی مانگتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر علی ظفر کے حامیوں نے نعرے لگائے تھے، علی ظفر کے حامیوں نے بیان واپس لینے کے لیے دباؤ بھی ڈالا۔
فاضل جج نے کہا کہ اگر واقعہ عدالت میں پیش آیا ہے تو پھر اسے قانون کے مطابق دیکھیں گے، اگر واقعہ کورٹ روم سے باہر ہوا ہے تو مقدمے کی درخواست دائر کریں۔
عدالت نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے میشا شفیع کی گواہ عفت عمر کی علی ظفر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالت نے اداکارہ عفت عمر کو ہراساں کیے جانے اور تحفظ کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر عفت عمر کو جرح کے لے طلب کر لیا۔