Advertisement

کھیل
time icon 01 فروری ، 2021

پی سی بی نے پی ایس ایل میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم لانےکیلئے حکومت سے اجازت مانگ لی

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کراؤڈ(تماشائیوں) کی اجازت ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ رواں ہفتے ہوجائےگا۔

پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا، ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز کراچی اور بقیہ میچز لاہور میں ہوں گے۔

پی سی بی نےلیگ کے دوران تماشائیوں کی محدود تعداد میں اجازت کے لیے حکومت سے اجازت طلب کی ہوئی ہے، اس سلسلے میں پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان نے بھی  نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) حکام سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پوری صورت حال پر بریف کیا۔

وسیم خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ انہوں نے این سی او سی حکام سے ملاقات کی اور وہ اس سلسلے میں جمعرات تک جواب ملنے کے لیے پر امید ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ، پی ایس ایل 6کے دوران 20 سے 40 فیصد تماشائیوں کو میدان میں لانا چاہتا ہے، این سی او سی اس حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کررہی ہے اور باہمی مشاورت کے بعد پی سی بی کو فیصلے سے آگاہ کرے گی۔

اجازت ملنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ فوری طور پر ٹکٹوں کی فروخت کے عمل کی جانب بڑھے گا اور اس کام کے لیے پی سی بی کی مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہےجب کہ باضابطہ ٹینڈرز بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی سے اجازت ملنے کی صورت میں گراؤنڈ آنے والے تماشائیوں کو سختی سے ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔

Advertisement

@geonews_sport