Time 02 فروری ، 2021
پاکستان

بی آر ٹی منصوبے کی نیب سے تحقیقات، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ ( بی آر ٹی) منصوبے کی تحقیقات نیب سے کروانے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

بی آر ٹی منصوبے کی نیب سے تحقیقات کے فیصلے کے خلاف کے پی حکومت کی درخواست پر  سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے کی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ بی آر ٹی کی تحقیقات نیب نہیں کر سکے گا کیونکہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ قیاس آرائیوں پر مبنی تھا۔

عدالت نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو اضافی دستاویزات پر مشتمل جواب داخل کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت بھی دے دی۔

سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے نیب سے تحقیقات کرانے کے حکم کے خلاف کے پی حکومت کی اپیل منظور کر لی۔

سپریم کورٹ نے نیب کے بعد ایف آئی اے کو بھی آئندہ سماعت تک بی آر ٹی تحقیقات سے روکتے ہوئے صوبائی حکومت اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی اپیلوں پر جاری حکمِ امتناع میں توسیع کر دی۔

مزید خبریں :