02 فروری ، 2021
اسلام آباد کی سری نگرہائی وے پر وفاقی محتسب کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے مانسہرہ سے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ٹیسٹ دینے کیلئے آنے والے 4 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں کشمالہ طارق کے بیٹے کو نامزد کیا گیا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پروٹوکول کی تیز رفتارگاڑیوں نے سگنل توڑا۔
جاں بحق نوجوانوں کی مانسہرہ میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیزرفتارگاڑیوں کے قافلے نےچارگھروں کے چراغ گل کردیے، سیکٹرجی الیون میں تیز رفتارچارگاڑیوں کے قافلےنے سگنل توڑا اوردوسری سمت سے آتی ہوئی گاڑی اور موٹرسائکل پرچڑھ دوڑیں۔
ایک گاڑی میں وفاقی محتسب برائے ہراسانی کشمالہ طارق کے شوہرملک وقاص جبکہ دوسری میں انکا بیٹا موجود تھا۔
واقعے کے بعد ملک وقاص کے فیاض دین نامی ڈرائیورنے خود کوگرفتاری کیلئے پیش کیا، واقعہ میں جاں بحق افراد کی شناخت انیس ، فیصل ،حیدراور فاروق کے نام سے کی گئی جن کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔