03 فروری ، 2021
ملک بھر میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کردیا گیا۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دینے کا آغاز ہوا جہاں مرکزی تقریب میں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
این سی او سی میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین دی گئی اور اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، فواد چوہدری، چینی سفیر اور این سی او سی کے حکام سمیت طبی عملہ بھی موجود تھا۔
این سی اوسی میں پمز اسپتال کی انچارج نرس رضوانہ یاسمین، ڈی ایچ او آفس اسلام آبادکے جاوید اقبال اور نجی اسپتال کےفہد محمودکو ویکسین لگائی گئی۔
اس کے علاوہ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ نے اوجھا اسپتال میں ویکسی نیشن کا آغاز کیا جہاں تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نےکہا کہ ویکسین لگانا قومی فریضہ ہے تاہم ویکسین لگانے کے بعد بھی ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے۔
ادھر کے پی کے میں محمود خان نے ویکسی نیشن کے عمل کا افتتاح کیا اور طبی عملے کو شیلڈز تقسیم کیں۔
کوئٹہ میں انسداد کورونا ویکسی نیشن پروگرام کی تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوئی جہاں جام کمال نے ویکسی نیشن کا افتتاح کیا۔
بلوچستان میں کورونا سے بچاؤ کی پہلی ویکسین پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر آفتاب کو لگائی گئی اور دوسری ویکسین ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل کو لگائی گئی۔
واضح رہے کہ منگل کو وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے 5 لاکھ ویکسین فراہم کی ہیں، ویکسین تمام صوبوں میں شفاف طریقے سے تقسیم ہورہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرزکوویکسین لگائی جارہی ہے۔