03 فروری ، 2021
پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ اقرا عزیز نے ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ کا حصہ بننے پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈرامے کے ہدایت کار وجاہت حسین کو بالی وڈ کے نامور ہدایتکار سے تشبیہ دیتے ہوئے انہیں پاکستان کا سنجے لیلا بھنسالی قرار دے دیا۔
اقرا عزیز نے جیو کے مقبول ڈرامے خدا اور محبت کے سیزن 3 کے نشر ہونے کے ایک ہفتے بعد ڈرامے کی ٹیم کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک خوبصورت پیغام جاری کیا۔
اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اداکار فیروز خان، ڈرامے کے ہدایتکار وجاہت حسین، پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ہمراہ لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈرامہ خدا اور محبت سیزن 3 کے سفر کو خوبصورت ترین سفر قرار دیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ہدایتکار اور پروڈیوسر کوخود کو ڈرامے کا حصہ بنانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اقرا نے اپنی پوسٹ میں وجاہت حسین کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھاکہ آپ پاکستان کے سنجے لیلا بھنسالی ہیں، بطور ہدایتکار آپ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ لمحات بنانے میں لاجواب ہیں، آپ جانتے ہیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ اسے کیسے ترتیب دینا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں فیروز خان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی اور امید ہے یہ پراجیکٹ مستقبل کے تمام پراجیکٹ کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔
اقرا نے اپنی پوسٹ میں فائزہ ثقلین کو ٹیگ کرتے ہوئے مختصر وقت میں وارڈروب ڈیزائن کرنے اور زین زید کو بہترین میک اپ آرٹسٹ قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اقرا عزیز نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ اس تصویر میں موجود سب لوگوں کے ساتھ کام کرنے پر مجھے بے حد خوشی ہے اور میں اسکرین کے پیچھے گزرے لمحات، لطیفے ،بہاولپور کی سردی اور ملتان کی تپتی گرمی والی شوٹنگ کبھی نہیں بھول سکتی۔
واضح رہے کہ ڈرامہ 'خدا اور محبت' کی کہانی عشق حقیقی اور عشق مجازی کے گرد گھومتی ہے، 'خدا اور محبت' کے تیسرے سیزن میں معروف اداکار فیروز خان اور اداکارہ اقرا عزیز مرکزی کردار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی مصنف ہاشم ندیم نے لکھی ہے اور ہدایت کاری سید وجاہت حسین کی ہےجب کہ ڈرامہ نامور پروڈیوسرز عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی کی سربراہی میں بنایا گیا ہے۔
سنجے لیلا بھنسالی کو بھارت کو انتہائی نامور اور کامیاب ہدایت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے پدوامت، باجی راؤ مستانی، دیوداس اورہم دل دے چکے صنم جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔