Time 04 فروری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

پاپ اسٹار ریحانہ پر تنقید:علی گل پیر اور کنگنا رناوت آمنے سامنے

فائل:فوٹو

شہرہ آفاق پاپ اسٹار ریحانہ کی جانب سے بھارت میں احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں کیا گیا ٹوئٹ بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے لیے ناقابل برداشت صورتحال بن گیا ہے۔

کنگنا رناوت نے پاپ اسٹار ریحانہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اب پاکستان کے کامیڈین گلوکار علی گل پیر نے کنگنا کو نشانے پر رکھ لیا۔

گزشتہ روز کنگنا نے ریحانہ کو بیوقوف کہا اور پھر اداکارہ نے کینیڈا کی دوسری بڑی سیاسی جماعت این ڈی پی کے لیڈر اور بھارتی نژاد جگمیت سنگھ کی ایک ویڈیو ری شیئر کرتے ہوئے ریحانہ کے خلاف ایک اور ٹوئٹ کی۔

کنگنا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’یہ دہشتگرد (جگمیت سنگھ )فحش گلوکارہ کا دوست ہے ،اس پر دہشتگردی کے لیے مالی معاونت کا الزام ہے، اس کے دماغ میں بھی خالصتان ہے ، ایک فحش گلوکارہ اس کو فولو کررہی ہے جو اس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

کنگنا کی  ٹوئٹ پر علی گل پیر نے تبصرہ کرتے ہوئےسوال  کیا کہ فحش گلوکارہ؟کیا یہ گلوکارہ صرف فحش فلموں کے لیے موسیقی بناتی ہے؟ وہ عام فلموں میں گانے سے انکار کردیں گی؟ مہربانی کرکے مزید وضاحت کریں، میں نہیں جانتا تھا کہ ایسا بھی ہے، صرف متجسس ہوں۔

کنگنا نے علی گل پیر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ایسا شخص جو اپنے میوزک میں جنسیت شامل کیے بغیر اسے نہیں بیچ سکتا، وہ کلاسک اور حقیقی گلوکاروں کی طرح نہیں جن کے جسم کی کوئی اہمیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پورن گلوکار زیادہ تر اپنے جسم کے حصوں کی نمائش پر انحصار کرتا ہے اور یہ چیزیں اسے مزید گندہ بنادیتی ہیں۔

کنگنا کے تبصرے پر علی گل پیر نے اداکارہ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اوہ ٹھیک ہے! میں سمجھ گیا کسی ایسے شخص کی طرح جس میں صلاحیت نہ ہوں ، زیادہ کام نہ کرتا ہو، تنازع پر انحصار کرتا ہو اور لوگوں کو خبروں میں دبا کر رکھتا ہو، مجھے یہ واضح کرنےکا شکریہ۔

علی گل پیر نے ساتھ ہی اپنی ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ استعمال کیا کہ غریب کسان مررہے ہیں، جاؤ کنگنا۔

مزید خبریں :