پاکستان
Time 05 فروری ، 2021

منزل کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے: وزیر خارجہ

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری منزل اور سوچ ایک ہے اور منزل کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 5 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی ریلی میں چیئرمین سینیٹ وفاق کی نمائندگی کر رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی منتخب نمائندگان کی نمائندگی کے لیے آئے ہیں، ممبران پارلیمنٹ بھی ریلی میں تشریف لائے ہیں، سب لوگ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری 18 ماہ سے لاک ڈاؤن اور آرمی حصار میں مبتلا ہیں، بھارت میں اتنا حوصلہ نہیں کہ کشمیریوں کو مسجد میں جانے دیں، بھارت کو خطرہ ہے کہ جہاں چند لوگ ہوں گے ان کی پالیسوں کے خلاف بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے تصور کی نفی ہو گئی کہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں، کشمیریوں کے جذبے کو سلام پیش کرنے باہر نکلے ہیں، کشمیری تہنا نہیں ہیں بلکہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کوٹلی جا رہے ہیں، وزیراعظم کشمیریوں اور عالمی دنیا کے لیے پیغام لے کر جا رہے ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور مکاتب مسئلہ کشمیر پر ایک سوچ رکھتے ہیں، ہماری منزل اور سوچ ایک ہے اور منزل کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کامیابی کشمیریوں کا مقدر بنے گی۔

ان کا کہنا تھا انٹرنیشنل میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ آزاد کشمیر آئیں، بھارت بھی انٹرنیشنل میڈیا کو مقبوضہ وادی، سری نگر جانے کی اجازت دے، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت ایل اوسی پر آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، کشمیری حریت رہنماوں کو بھارت نے جیلوں میں رکھا ہوا ہے،کیا بھارت انٹرنیشنل میڈیا کو ان رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے، عالمی میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ حالات کا جائزہ لینے آئے، آپ آزاد کشمیر جائیں جہاں جانا چاہتے ہیں ہم بندوبست کرتے ہیں، عالمی میڈیا جس سے بات کرنا چاہتا ہے اجازت دیں گے، عالمی میڈیا کی اسی ٹیم کو سری نگر جانے دیا جائے، کیا ہندوستان عالمی میڈیا کو اجازت دے گا، انہیں بات کرنے دے گا؟ ہندوستان عالمی میڈیا کو اجازت نہیں دے گا، یہی فرق کرنا ہے۔ 

مزید خبریں :