Geo News
Geo News

Time 05 فروری ، 2021
پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا جس کا مقصد بھارتی فوج کے مظالم کا شکار کشمیری عوام سے اظہار ہمدردی اور اس بات کا عزم ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے حق خود اداریت کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

ملک بھر میں جلسے جلوسوں میں کشمیریوں کا آخری دم تک ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے عشروں سے ڈٹے کشمیریوں کی جرأت و استقامت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں تقریب کے دوران کشمیری شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

آزادی چوک پر مقبوضہ کشمیراورآزادکشمیرکےعوام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کراظہار یکجہتی کیا۔ کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی گئی۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی پانچ فروری کو پاکستان، آزاد کشمیر اور کنٹرول لائن کے اس پار یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جذبے اور عزم سے منایا گیا۔

پانچ فروری کا آغاز ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اور کشمیر پر غیر قانونی و غیر انسانی بھارتی قبضے کے خلاف جد وجہد کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر کشمیری شہدا کے لیے خصوص دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مظفر آباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کوٹلی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔