پاکستان
Time 05 فروری ، 2021

امن کیلیے قدم بڑھانے کو تیار ہیں لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ہم امن کےلیے دو قدم آگے بڑھنے کےلیے تیار ہیں لیکن امن اور استحکام کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

یومِ یکجہتی کشمیر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ رہے گا اور بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کوحل کرنے میں سنجیدہ ہے تو  ہم 2 قدم آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان تحریک آزادی کو آگے بڑھائے ہوئے ہیں اور بھارت 7 دہائیوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  ہم امن کےلیے دو قدم آگے بڑھنے کےلیے تیار ہیں لیکن امن اور استحکام کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو بطور قوم ہماری قوت اور اعتماد کا نتیجہ ہےکہ ہم اہلِ کشمیر کی جائز امنگوں کے مطابق معاملے کے منصفانہ حل کے لیے غیر معمولی کاوش پر آمادہ ہیں۔

مزید خبریں :