پلاسٹک سرجری نے مشہور چینی اداکارہ کی ناک کا حلیہ ہی بدل دیا

اداکارہ و گلوکارہ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور ساتھ ہی کئی ٹی وی پروگرام بھی کرچکی ہیں— فوٹو:فائل 

چین کی مشہور اداکارہ و گلوکارہ گاؤ لیو کو چہرے کی پلاسٹک سرجری کرانا مہنگا پڑگیا۔

اداکارہ و گلوکارہ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور ساتھ ہی کئی ٹی وی پروگرام بھی کرچکی ہیں تاہم کئی ماہ سے وہ شوبز کی چکا چوند سے دور تھیں۔

اب اداکارہ نے اپنی خراب ناک کی ساتھ تصاویر لگاکر اپنی غیرحاضری کا بتا دیا ہے۔

اداکارہ نے مقامی سوشل میڈیا پر پلیٹ فارم پر اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جس میں ان کی ناک بالکل خراب ہے اور حلیہ بالکل ہی تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔

— فوٹو، چینی میڈیا

چینی اداکارہ نے مداحوں کو اپنی سرجری کے برے تجربے اور اس سے ہونے والے نقصان سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی لوگوں کو چہرے کی سرجری کرانے سے منع کیا۔ 

— فوٹو، چینی میڈیا

اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں چینی شہر گوانگ ژو میں دوست نے ایک سرجن سے ملایا جس کے بعد خوبصورت دکھنے کیلئے ناک کی سرجری کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ کیرئیر میں مزید ترقی کرسکوں۔

انہوں نے لکھا کہ میرا آپریشن 4 گھنٹے کا تھا جس پر میں نے سوچا کہ 4 گھنٹے بعد میں حسین بن جاؤں گی لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ 4 گھنٹے میں میرے لیے ڈراؤنے خواب کی ابتداء ثابت ہوں گے۔

— فوٹو، چینی میڈیا

انہوں نے بتایا کہ میری ناک کی رنگت دن بدن سیاہ ہوتی رہی اور اب بالکل ہی بوسیدہ سی ہوگئی ہے جبکہ دو ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہی جس کے باعث ہزاروں ڈالرز کا نقصان بھی ہوا۔

اداکارہ کے بیان کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں جبکہ جس کلینک میں ان کی سرجری کی گئی اس کے حوالے سےے بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کی سرجری سے قبل ہی اس پر گزشتہ سال 5 بار خلاف ورزی پر جرمانہ  کیا جاچکا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں چین پلاسٹک سرجری کے حوالے سے دوسری بڑی  مارکیٹ رہی ہے جہاں 14 ارب ڈالرز کی سرجریز کی گئیں۔

مزید خبریں :