Time 05 فروری ، 2021
پاکستان

دہشتگردی یا ٹیرر فائنانسنگ کے علاوہ سی ٹی ڈی کوئی اور کام نہیں کرے گی، حکم نامہ جاری

سی ٹی ڈی کا نیا لائن آف ایکشن تیار، ڈی آئی جی کا حکم نامہ جاری— فوٹو:فائل

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں مبینہ رشوت کی روک تھام کیلئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی عمر شاہد نے مؤثر حکم نامہ جاری کیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی مبینہ کالی بھیڑوں کو غلط کاموں سے روکنے اور مبینہ اغواء کی وارداتوں کو روکنے کیلئے ڈی آئی جی عمر شاہد نے نیا لائن آف ایکشن تیار  کیا۔

نئے حکم کے مطابق اب سی ٹی ڈی صرف دہشتگردی یا ٹیرر فائنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات کرنے کی پابند ہوگی، بکیز، گٹکے اور چھالیہ کے کاروبار کرنے والے، ڈاکو اور ایرانی تیل یا ڈیزل کی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم پر کوئی بھی سی ٹی ڈی اہلکار کارروائی نہیں کرسکے گا۔

ذرائع کے مطابق ان تمام کاموں سے اس سے قبل باقاعدہ بیٹ بندھی ہوئی تھی، اس سلسلے میں تمام سیل انچارجز کو ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی جانب سے واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ دہشتگردی اور ٹیرر فائنانسنگ کیلئے سیلز اور افسران مختص کردیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق اس لائحہ عمل پر تمام حساس اداروں کو آن بارڈ بھی لے لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :