07 فروری ، 2021
امریکا کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کو مکمل تحفظ دے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے اردو ترجمان زیڈ تارار نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کے لیے بامقصد مذاکرات کا آغاز کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کریں، کشمیر سمیت دیگر معاملات پر مثبت بات چیت کا آغاز کیا جائے۔
زیڈ تارار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت امریکا کے پارٹنر ممالک ہیں، مسائل بات چیت سے حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا جائزہ لے رہا ہے کہ طالبان امن معاہدے کی شرائط پرعمل پیرا ہیں یا خلاف ورزی کر رہے ہیں، جنگ نہیں چاہتے لیکن افغانستان سے امریکی افواج کا فوری انخلاء نہیں ہوگا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ امید ہے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس پر پاکستان ذمہ داریاں پوری کرے گا، کیس میں نہ صرف انصاف ہوگا بلکہ انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔
علاوہ ازیں زید تارار نے کہا کہ یورپی یونین، چین اور عرب پارٹنرز کی مشاورت سے ایران جوہری معاہدے میں شامل ہوں گے، امریکا جائزہ لے رہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کی شرائط سے کس قدر دور ہوا ہے۔