07 فروری ، 2021
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہےکہ سینیٹ الیکشن میں شفافیت یقینی بنانے پر اپوزیشن کا واویلا سمجھ سے بالاتر ہے۔
ایک بیان میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کرکے واضح کردیا کہ یہ پیسے کی سیاست ختم نہیں کرنا چاہتے۔
ان کامزید کہنا تھاکہ انتخابات میں شفافیت ہی جمہوریت کی مضبوطی ہے۔
خیال رہےکہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعےکرانےکےلیے صدارتی آرڈیننس جاری کردیا گیا ہے۔
آرڈیننس کو سپریم کورٹ میں زیر سماعت ریفرنس سے مشروط رکھا گیا ہے۔ آرڈیننس کے مطابق سپریم کورٹ سے سینیٹ الیکشن آئین کی شق 226 کے مطابق رائے ہوئی تو سیکرٹ ووٹنگ ہوگی، سپریم کورٹ نے اگر سینیٹ الیکشن کو الیکشن ایکٹ کے تحت قرار دیا تو اوپن ووٹنگ ہوگی۔
آرڈیننس کے مطابق اوپن ووٹنگ کی صورت میں سیاسی جماعت کا سربراہ یا نمائندہ ووٹ دیکھنے کی درخواست کرسکے گا، آرڈیننس کوالیکشنز ترمیمی آرڈیننس 2021 کا نام دیا دیا گیا ہے، صدارتی آرڈیننس کا اطلاق ملک بھر کےلیے ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے سینیٹ اوپن الیکشن پر صدارتی آرڈیننس کو آئین اور سپریم کورٹ کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت نے آئین پر ایک اور بدترین حملہ کیا ہے، سینیٹ اوپن الیکشن پر صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ کی توہین اور عدالت عظمیٰ کو ڈکٹیشن دینےکے مترادف ہے۔