09 فروری ، 2021
سوشل میڈیا پر جہیز کی لعنت کے خلاف پاکستانی فیشن ڈیزائنر کی پُراثر آگاہی مہم نے سوشل میڈیا صارفین کے دل موم کردیے جس پر کسی نے داد دی توکسی نے جہیز نہ لینے کا عہد کیا۔
برائیڈل کوٹیور ویک میں جہیز سے لدی ایک گاڑی کو کرب میں گھسیٹتی ایک دلہن نے سوشل میڈیا صارفین اور دیکھنے والوں کے دل پگھلادیے۔
’نمائش نہ لگاؤ، جہیزخوری بند کرو‘ کے عنوان سے پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان نے ایک فیشن شوٹ کو جہیز کی لعنت کے خلاف عوام میں شعور جگانے کا ذریعہ بنایاجسے سماجی تنظیموں اور عوام کی جانب سے بڑی پزیرائی ملی۔
سوشل میڈیا صارفین نے ڈیزائنر کے اس اقدام کو کہیں ایک طاقتور پیغام قرار دیا تو کسی نے جہیز نہ لینے کا عہد کیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ تصاویر جہیز کے بوجھ تلے دبی ایک دلہن اور اس کے والدین کے درد کی حقیقی ترجمانی کرتی ہیں۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ تعجب ہے کہ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود آج تک لوگ جہیز لے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ لالچ سے شروع ہونےوالی شادیوں کا انجام بھی برا ہوتا ہے۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے الٹا ڈیزائنر ہی کو آئینہ دکھا دیا اور توپوں کا رخ ڈیزائنر کی جانب موڑ تے ہوئے صارفین نے خود ان کے مہنگے ترین ملبوسات کی ہوش رُبا قیمتوں پر سوال اٹھادیے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ خود آپ کا ایک عروسی جوڑا 10 لاکھ سے کم کا نہیں، اس پر آپ سادگی کی باتیں کررہے ہیں۔
ایک اور صارف نے ان ہی کے فیشن شوٹ سے قیمتی ملبوسات میں تصویر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ،کیا یہ نمود نمائش میں نہیں آتا؟