09 فروری ، 2021
2018 کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدنےکی مبینہ ویڈیو سامنے آنے پر پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) خیبر پختونخوا محمد علی باچا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی کوپیسے دیے ہی نہیں، ویڈیو ایڈٹ کی گئی ہے۔
اپنے بیان میں محمد علی باچا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت وہ وہاں موجود ہی نہیں تھے، انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ کسی کو پیسے دیے ہیں؟
ان کا کہنا ہےکہ 2005 میں تین ووٹوں سے بھی سینیٹرز بنے ہیں، ممبر صوبائی اسمبلی کوکوئی خرید نہیں سکتا، ارکان اسمبلی اپنے ضمیرکے مطابق ووٹ دیتے ہیں۔
خیال رہےکہ 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہےکہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنےنوٹوں کےانبار لگے ہیں اورپیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے محمد علی باچا رقم تحریک انصاف کے ارکان کو دیتےنظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں ووٹ فروخت کرنے کےالزام میں حال ہی میں مستعفی ہونے والے صوبائی وزیر قانون سلطان محمد رقم وصول کرکے بیگ میں رکھتے نظر آرہے ہیں، ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے سردار ادریس اور خاتون ایم پی اے معراج ہمایوں بھی رقم وصول کرکے بیگ میں رکھتی دکھائی دے رہی ہیں۔