پاکستان
Time 09 فروری ، 2021

سینیٹ الیکشن 2018: کے پی اسمبلی کے ارکان کی مبینہ خرید و فروخت کی وڈیو سامنے آگئی

2018 کے سینیٹ انتخابات میں ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کی وڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔

وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہیں۔

2018 کے سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان کو  بُلا کر نوٹوں کے انبار لگا کر خریدا گیا۔

2018 کی اس وڈیو میں موجودہ وزیرقانون خیبرپختونخوا سلطان محمد خان بھی موجود ہیں، وڈیو میں ایم پی اے عیبد مایار   بھی اپنا حصہ لیتے نظر آرہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے سابق ایم  پی اے محمد علی  باچا رقم پی ٹی آئی ارکان کو دیتےنظرآرہے ہیں، وڈیو میں سلطان محمد رقم وصول کرکے بیگ میں رکھ لیتے ہیں، پی ٹی آئی کے سردار ادریس بھی وڈیو میں موجود ہیں اور  رقم وصول کرتےنظر آرہے ہیں۔

اس کے علاوہ خاتون ایم پی اے معراج ہمایوں بھی رقم وصول کرکے بیگ میں رکھتی دکھائی دے رہی ہیں، سابق ایم پی اے دینہ خان بھی رقم وصول کرکے بیگ میں رکھتی دکھائی دے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے سینیٹ انتخابات2021اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز کی مخالفت کی جارہی ہے ۔

سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانےکا صدارتی ریفرنس بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی آرڈیننس بھی جاری ہوچکا ہے، صدارتی آرڈیننس کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کیا گیا ہے۔   

مزید خبریں :