Advertisement

کھیل
time icon 10 فروری ، 2021

غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور PSL جیتیں گے: کپتان لاہور قلندرز

— سہیل اختر، کپتان لاہور قلندرز

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ اس بار لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ٹیم بن کر ابھرے گی، جو پچھلے ایڈیشن میں غلطیاں ہوئیں، اس کو اس ایڈیشن میں دور کرکے ٹائٹل جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں سہیل اختر کا کہنا تھا کہ کووڈ کی وجہ سے تیاریاں متاثر ضرور ہوئی ہیں لیکن قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر کھلنے سے پلیئرز کو اچھی تیاری کا موقع مل گیا ہے۔ پچھلے ایڈیشن میں جو کمی یا کوتاہی تھی اس کو اس ایڈیشن میں دور کرکے اچھا کھیل پیش کریں گے۔ اس بار قلندرز کی ٹیم پہلے سےبہتر اور مضبوط ٹیم نظر آئے گی۔

لاہور قلندرز نے سہیل اختر کی قیادت میں گزشتہ ایڈیشن میں پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جہاں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی تاہم سہیل اختر پر امید ہیں کہ بیس فروری سے شروع ہونے والے ایڈیشن میں نتیجہ مختلف ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قلندرز نے پچھلے سال بھی اچھا کھیلا تھا ، بدقسمتی سے فائنل میں ناکامی ہوئی تھی، اس بار ٹیم میں دو تین تبدیلیاں ہیں ، زیادہ تر وہی پلیئرز ہیں جو پہلے سے کھیلتے آرہے ہیں، ٹیم کامبی نیشن اچھا ہے، نئے پلیئرز بھی جلد جیل ان ہوجاِئیں گے اور ایک نئے جوش کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے راشد خان وائٹ بال کرکٹ کے بہترین کرکٹر ہیں، وہ لیگز میں پرفارم کرتے آرہے ہیں اگر پورے سیزن میں دستیاب ہوئے تو اس سے لاہور قلندرز کی بولنگ لائن اور بھی مضبوط ہوجائے گی۔

سہیل اختر نے کہا کہ لوکل پلیئرز ہمیشہ لاہور قلندرز کا سرمایہ رہے ہیں، ٹیم نے مقامی پلییرز کی ترقی کو اپنا فلسفہ رکھا ہے جس کی وجہ سے ہر ایڈیشن میں نیا ٹیلنٹ نظر آرہا ہے، اس بار بھی ایسا ہی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پلیئرز کو ہوم کنڈیشنز کا ایڈوانٹیج ہوگا۔

لاہور قلندرز کے کپتان کا کہنا تھا کہ فینز ہمیشہ لاہور قلندرز کی حقیقی اسٹرینتھ رہے ہیں، امید ہیں کہ اس بار بھی پہلے جیسی سپورٹ ہوگی لیکن فینز سے کہوں گا کہ وہ کووڈ 19 میں ایس او پیز کا خیال کرتے ہوئے خود کو محفوظ رکھیں۔

Advertisement

@geonews_sport