13 فروری ، 2021
قومی کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میں محمد رضوان کو کھیلتا ہوا دیکھتا آ رہا ہوں، انہوں نے بہت اچھی پرفارمنسز دی ہیں اس لیے مجھے کبھی شک نہیں ہوا کہ وہ پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔
محمد رضوان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچری اسکور کی تھی اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ا دا کیا، وہ پاکستان کے دوسرے بیٹسمین ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری اسکور کی ہے جبکہ پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں جنہوں نے تینوں فارمیٹ میں سنچری اسکور کی ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے یہ بحث اب ختم ہو جانی چاہیے کہ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کا ٹاپ آرڈر بیٹسمین نہیں، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ رنز کرنا جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا محمد رضوان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، میں سمجھتاہوں کہ وہ مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ میں انہیں کھیلتا ہوا دیکھتا آرہا ہوں اس لیے مجھے کبھی شک نہیں ہوا کہ وہ پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔
محمد حفیظنے کہا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد رضوان نے اپنی اننگز کے دوران دباؤ برداشت کیا، اننگز کو آگے لیکر چلے اور پھر ہارڈ ہٹنگ بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے پر پاکستان ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، میچ میں کامیابی ایک فرد کی وجہ سے نہیں بلکہ ٹیم کی مجموعی پرفارمنس کا نتیجہ ہے، محمد رضوان کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ عثمان قادر اور محمد نواز نے بھی اچھی بولنگ کی۔
محمد حفیظ نے کہا کہ جیت کی خوشی کے ساتھ چھوٹی چھوٹی خامیوں کو دور کرنے پر بھی کام ہونا چاہیے۔