Time 13 فروری ، 2021
کھیل

حفیظ کے رضوان سے متعلق بیان پر سرفراز کا ردعمل

فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد حفیظ کے محمد رضوان سے متعلق بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

محمد حفیظ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کو پاکستان کا نمبر ون ٹی ٹوئنٹی وکٹ کیپر بیٹسمین قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اب یہ بحث ختم ہونی چاہیے کہ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کا ٹاپ آرڈر بلے باز نہیں ہے۔

محمد حفیظ کے بیان پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ بھائی صاحب، امتیاز احمد سے لیکر محمد رضوان تک جتنے بھی وکٹ کیپر پاکستان کے لیے کھیلے سب نمبر ون ہیں اور سب کو عزت ملنی چاہیے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم محمد رضوان کے پیچھے کھڑے ہیں اور خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کئی مزید اچھی اننگز کھیلے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ اور آئندہ بھی جس کوپاکستان کے لیے موقع ملے گا وہ نمبر ون ہی ہو گا، ہمیں ایک پروفیشنل کرکٹر سے جس نے پاکستان کے لیے بہت سے میچز کھیلے ہیں اس سے صرف مثبت چیزوں کی توقع ہے۔


مزید خبریں :