15 فروری ، 2021
پاکستان کے معروف گلوکار اور چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان ابرار الحق نے کے ٹو پر لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کا خواب پورا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گلوکار ابرارالحق کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ 'میں نے ابھی یہ خبر سنی ہے کہ محمد علی سدپارہ اس مشن کے بعد اپنے گاؤں میں ایک اسکول بنانا چاہتے تھے'۔
ابرالحق نے کہا کہ 'لہٰذا ہم نے ان کا خواب پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انشاء اللہ ان کی یاد میں ہمارے ہیرو کے گاؤں میں ایک اسکول بنایا جائے گا'۔
خیال رہے کہ دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو مہم کی جوئی کے دوران لاپتا ہونے والے فخر پاکستان محمد علی سدپارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیماؤں کا سراغ تا حال نہ مل سکا۔
موسم سرما کے دوران کے ٹو کو سر کرنے کے لیے جانے والے علی سدپارہ اور دیگر 2 غیر ملکی کوہ پیما 5 فروری سے لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے کئی ریسکیو آپریشن کیے گئے تھے۔