16 فروری ، 2021
شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ارطغرل غازی میں ارطغرل کا کردار نبھانے والے ترکش اداکار انگین آلتان نے پاکستانی کمپنی کے سفیر ہونے کا معاہدہ ختم کردیا۔
انگین آلتان نے پاکستانی کمپنی چوہدری گروپ آف کمپنیز کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو منسوخ کرتے ہوئے ایک خط لکھا ہے جس میں ترک اداکار نے پاکستانی کمپنی کے سفیر ہونے کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انگین آلتان کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی کے مالک کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت کسی بھی شرائط پر عمل در آمدنہیں کیا۔
ترک اداکار کی جانب سے خط میں کمپنی کے مالک (کاشف ضمیر) کے میڈیا کو دیے گئے جھوٹے بیانات اور غلط معلومات پر بھی ناراضگی کا اظہار کیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ترکش اداکار انگین آلتان لاہور کے مختصردورے پر آئے تھے جہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران انگین آلتان نے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔
کاشف ضمیر نے ترکش اسٹار انگین آلتان کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا اور انہیں 5000 ڈالر کا چیک بھی دیا اور جب انگین آلتان نے یہ چیک کیش کروایا تو وہ باؤنس ہو گیا تھا۔