Geo News
Geo News

Time 16 فروری ، 2021
پاکستان

سانگھڑ کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے جام شبیر نے میدان مارلیا

یپلز پارٹی کے جام شبیر 49571 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، غیرسرکاری و غیر حتمی نتیجہ— فوٹو:فائل 

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار جام شبیر علی خان نے میدان مارلیا۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس43 سانگھڑ پر ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار جام شبیر اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مشتاق جونیجو کے درمیان مقابلہ تھا۔

حلقے میں صبح 8 بجےسے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ جاری رہی جہاں ہزاروں افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

پی ایس 43 کے تمام 132 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار جام شبیر  49571  ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے مشتاق جونیجو 6931 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

بعدازاں پی ایس 43 کے ضمنی انتخاب میں کامیاب امیدوارجام شبیر علی کا جیونیوز سے گفتگو میں کہنا تھاکہ ہر حال میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ ثابت ہوا پیپلزپارٹی کو آج بھی عوام کا اعتماد حاصل ہے۔