Time 17 فروری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

پریانکا نے اپنی کتاب میں کس بات پر پاکستانی نژاد شہری کی تعریف کی؟

فائل:فوٹو

 بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہیں لانچ کی گئی اپنی کتاب 'Unfinished' میں پاکستان اور  بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید کا اظہار بھی کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے منسلک صحافی ہارون راشد کی جانب سے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر  پر ایک صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پریانکا کی کتاب میں درج پاک بھارت کشیدہ تعلقات میں بہتری کی امید سے متعلق انکشاف کیا گیا۔

صارف کی جانب سے صحافی سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا آپ نے پریانکا سے بطور اقوام متحدہ کی سفیر بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہر بالاکوٹ پر کیے گئے فضائی حملے سے متعلق سوال کیا؟

ہارون راشد نے صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ پریانکا چوپڑا نے اپنی کتاب میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہم آہنگی کی امید سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح برٹش ایئر ویز کے ایک پاکستانی نژاد ایجنٹ نے اپنی سیٹ اداکارہ کے والدین کو دی جب انہیں اس کی سخت ضرورت تھی۔

صحافی کے ٹویٹ  کے مطابق اداکارہ کا کہنا ہے  انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک ہمیشہ اس طرح کے گرم جوش تبادلے کر سکتے ہیں۔

اپنے ٹوئٹ میں ہارون راشد نے صارف کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ اگلے ہفتے مکمل انٹرویو ریلیز ہونے پر  آپ یہ جان سکیں گے  کہ کیا میں نے  اداکارہ  کی بڑھتی ہوئی عوامی خاموشی پر ان سے مزید سوال کیے؟

خیا ل رہے کہ اس سے قبل ہارون راشدکی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پریانکا چوپڑا کے لیے انٹرویو کی جھلکیاں بھی  شیئر کی گئیں۔

انٹرویو میں  پریانکا نے جنوبی ایشیائی باشندوں کے لیے ہالی وڈ میں مواقعوں کی کمی اور اپنی زندگی میں انسان دوست کاموں کی اہمیت سے متعلق گفتگو کی ہے۔

یاد  رہے کہ  پریانکا چوپڑا 2019 میں بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کے حوالے سے رچائے گئے ڈرامے پر جنگ کو بڑھاوا دینے پر تنقید کا نشانہ بنی تھیں اور اسی بناء پر لاس اینجلس میں منعقد ایک بیوٹی ایونٹ میں انہیں پاکستانی نژاد امریکی خاتون کی جانب سے  منافق کہا گیا تھا۔ 

مزید خبریں :