17 فروری ، 2021
پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد مخالفین کے پسینے چھوٹ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نیئر بخاری نے الیکشن کمیشن سے سینیٹ شیڈول میں توسیع کی بات کی لیکن الیکشن کمیشن نے نیئر بخاری کی بات نہیں مانی اور توسیع کامطالبہ مسترد کر دیا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر یہاں شاہد خاقان اور راجا پرویز اشرف نہ ہوتے تو میرے کاغذات بھی مسترد ہو جاتے۔
ان کا کہنا تھا حکومتی ارکان نے کہا کہ ہماری تیاری نہیں ہے، ہمیں وقت چاہیے تو الیکشن کمیشن نے انہیں وقت دے دیا اور کہا کہ آپ تیاری کرکے آئیں، میرے تجویز و تائید کنندہ کو تو وقت نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مخالف امیداور کی نااہلی کا کافی مواد ہے، لیکن میں نے اپنے وکیل کو ان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا، وہ میری کابینہ میں سابق وزیر رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کو متنازع بنا دیا ہے، پی ڈی ایم چور دروازے سے آ ئین میں ترمیم کرنے کی مخالفت کرتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ویڈیو اسکینڈل میں پیسے لینے، دینے اور خریدنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یوسف رضا گیلانی کے تجویز اور تائید کنندہ نہ ہوتے تو گیلانی صاحب کے کاغذات مسترد کر دیے جاتے، یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے والے کا وکیل ہی نہیں تھا۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد ان کے پسینے چھوٹ گئے ہیں، قومی اسمبلی کے ارکان میرٹ پر فیصلہ کریں گے اور یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی ہے۔