Time 18 فروری ، 2021
پاکستان

سینیٹ الیکشن: پنجاب سے خواتین کی دو نشستوں پر بلا مقابلہ انتخاب کا امکان

لاہور: سینیٹ الیکشن میں پنجاب سے خواتین کی دو نشستوں پر امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔

پنجاب سے خواتین نشستوں پر پی ٹی آئی کی تین اور ن لیگ کی دو امیدوار میدان میں تھیں لیکن پی ٹی آئی کی نیلم ارشاد کے کاغذات مسترد جبکہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی نے کاغذات واپس لے لیے ہیں۔

سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن کی سائرہ افضل تارڑ، سعدیہ عباسی کی کورنگ امیدوار ہیں، سائرہ افضل تارڑ کے کاغذات واپس لینے کی صورت میں ان کا انتخاب بلا مقابلہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے ڈاکٹر زرقا کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں، نیلم ارشاد کے کاغذات مسترد ہونے اور فرحت شہزادی کی جانب سے کاغذات واپس لینے کے بعد ڈاکٹر زرقا کے بھی بلا مقابلہ منتخب ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :