Time 18 فروری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

عالیہ بھٹ کی فلم ' گنگو بائی کاٹھیا واڑی' پر پابندی کی درخواست مسترد

 فلم 1960ءکی دہائی میں ممبئی میں غیر قانونی پیشوں سے وابستہ خاتون گنگو بائی کی زندگی پر مبنی ہے،فوٹو: فائل

ممبئی کی ایک مقامی عدالت نے  عالیہ بھٹ کی آنے والی فلم ' گنگو بائی کاٹھیا واڑی' پر پابندی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی سول کورٹ نے  فلم ' گنگو بائی کاٹھیا واڑی' کے خلاف درخواست گزار کی استدعامستردکرتے ہوئے فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

خیال رہےکہ ' گنگو بائی کاٹھیا واڑی' بھنسالی پروڈکشن کے زیر سایہ بننے والی فلم ہے جس میں عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

 سنجے لیلا بھنسالی کی یہ فلم 1960ءکی دہائی میں ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں غیر قانونی پیشوں سے وابستہ خاتون گنگو بائی کی زندگی پر مبنی ہے اور اس کی کہانی  ایس حسین زیدی کے تحریر کردہ ناول ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ سے لی گئی ہے۔

درخواست گزار  بابوجی راؤجی شاہ نے خود کا گنگو بائی کا بیٹا قرار دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ  ناول کے کچھ حصے ان کے حق رازداری، عزت نفس اور حق آزادی کی خلاف ورزی اور ہتک عزت پر مبنی ہیں اس لیے  ناول مافیا کوئنز آف ممبئی میں گنگوبائی کی زندگی سے متعلق اسباق کو حذف ، ناول کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی  اور اس ناول پر مبنی فلم کی ریلیز کو روکا جائے۔

 رپورٹس کے مطابق دوران سماعت درخواست گزار  اپنا گنگو بائی سے کسی قسم کا رشتہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ۔

واضح رہے کہ یہ فلم گذشتہ سال ستمبر میں ریلیز ہونی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی اور اب اسے رواں سال ریلیزکیا جائےگا۔

مزید خبریں :