19 فروری ، 2021
پاکستان کرکٹ اسکواڈ نے مارچ کے آخر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرنا ہے جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان ٹیم وائٹ بال کرکٹ کھیلے گی اور اس کے بعد ٹیم نے زمبابوے جانا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے دورے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور پہلے مرحلے میں مارچ کے آخر میں اسکواڈ نے جنوبی افریقا جانا ہے جہاں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جوہانسبرگ اور سینچورین میں کھیلی جانی ہے جب کہ اپریل کے وسط میں پاکستان ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز زمبابوے میں کھیلے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ایک ساتھ خصوصی طیارے پر سفر کریں گے کیونکہ کمرشل فلائٹس پر سفر خطرے سے خالی نہیں ہو گا اس لیے خصوصی طیارے سے جانے کا پلان کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ حال ہی میں ایک ائیر لائن کے زمبابوے کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کرنے پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو دورہ زمبابوے ختم کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے میں ابھی ایک ہی ون ڈے میچ کھیلا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی افریقا میں ہی ٹریننگ کریں گے۔
قومی ٹیم کی دونوں سیریز کے شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے لیکن اس سے قبل کووڈ 19 کی صورتحال کو ضرور مانیٹر کیا جائےگا۔
زمبابوے نے گزشتہ برس اکتوبر نومبر میں وائٹ بال کرکٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا جب کہ حال ہی میں جنوبی افریقا نے 14 برس بعد پاکستان میں سیریز کھیلی۔