کھیل
Time 19 فروری ، 2021

کبھی عہدہ نہیں مانگا، چاہتا ہوں وسیم خان مزید تین سال کام کریں، احسان مانی

جو میں نے کہا تھا وہ اب تک اپنی مدت میں پورا کر چکا ہوں بس میں ڈومیسٹک کرکٹ کو تگڑا چھوڑ کر جانا چاہتا ہوں، چیئرمین پی سی بی— فوٹو: فائل

چیئرمین  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کے تین سالہ عہدے کی مدت ستمبر میں ختم ہو رہی ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو  پی سی بی وسیم خان کی تین سالہ مدت کے دو سال مکمل ہو چکے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے لیے کبھی کوئی عہدہ نہیں مانگا جب وقت آئے گا تو دیکھوں گا کہ آئندہ کا فیصلہ کیا کرنا ہے، جو میں نے کہا تھا وہ اب تک اپنی مدت میں پورا کر چکا ہوں بس میں ڈومیسٹک کرکٹ کو تگڑا چھوڑ کر جانا چاہتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں نے اپنے لیے کبھی کوئی عہدہ نہیں مانگا جب وقت آئے گا اور آفر ہوئی کہ مجھے کام کرنے کی مزیدضرورت ہے تو دیکھوں گا اور سوچوں گا کہ مجھے مزید کام کرنا ہے یا نہیں۔

احسان مانی نے کہا کہ وسیم خان کا ابھی ایک سال باقی ہے میں تو چاہتا ہوں کہ وہ اپنے عہدے میں ایک سال کی توسیع نہیں تین سال مزید کام کریں انہوں نے بہت کام کیا ہے ان کا اب تک بہت کنٹری بیوشن رہا ہے اور جب بھی پاکستان کرکٹ کی تاریخ لکھی جائے گی ان کے کام ضرور لکھے جائیں گے ابھی بہت کام باقی ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ تسلسل ہونا چاہیے۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے  ایونٹس کی میزبانی کے لیے دلچسپی ظاہر کر دی ہے،  ورلڈ کپ کی میزبانی ہم  یو اے ای کے ساتھ مل کر سکتے ہیں۔

چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ گوادر اسٹیڈیم ایک خوبصورت جگہ ہے، پوٹینشل دیکھ رہے ہیں کہ ہم وہاں کیا کر سکتے ہیں، خواہش ہے ناردرن ایریاز میں اسٹیڈیمز بنیں تاکہ پاکستان کا کرکٹ سیزن طویل ہو۔

مزید خبریں :