20 فروری ، 2021
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کو میڈیا ٹریننگ کی ضرورت ہے اور انہیں سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے محتاط ہونا پڑے گا۔
سوشل میڈیا پر سابق کپتانوں محمد حفیظ اور سرفراز احمد کے درمیان ہونے والی بحث اور پھر تنازع بننے پر پاکستان ٹیم منجمنٹ کو مداخلت کرنا پڑی کیونکہ پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار اس واقعے پر خوش نہیں تھے۔
کرکٹرز کی وجہ سے پیدا ہونے والے تنازعات کے حوالے سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ حفیظ اور سرفراز والا معاملہ مس انڈر اسٹینڈنگ تھی، حفیظ نے جو بات کی تھی اس پر انہیں ردعمل ملا۔
احسان مانی نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں کو میڈیا ٹریننگ کی ضرورت ہے، جب وہ سوشل میڈیا پر جاتے ہیں تو ساری دنیا انہیں دیکھ رہی ہوتی ہے، انہیں مختلف جواب ملتے ہیں اس پر تبصرے ہوتے ہیں، بحث شروع ہوجاتی ہے اور چیزیں آپ کے کنٹرول میں نہیں رہتیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس پر کرکٹرز کو میڈیا ٹریننگ دینی ہے کہ چیزوں کو کیسے کنٹرول کرنا ہے، کیا طریقہ اختیار کرنا ہے۔