گرل فرینڈ کو سالگرہ پر اونٹ کا بچہ چرا کر تحفے میں دینے والا شہری گرفتار

فوٹو: فائل 

کیا آپ نے کبھی کسی کو تحفے میں ایک اونٹ کا بچہ دینے کے بارے میں سوچا ہے؟ آج ہم آپ کو ایک ایسے ہی شہری کے بارے میں بتانے والے ہیں جس نے اپنی گرل فرینڈ کو سالگرہ میں بطور تحفہ اونٹ کا بچہ چوری کرکے دیا۔

دبئی کے شہری نے اپنی گرل فرینڈ کو اس کی سالگرہ پر تحفہ دینے کے لیے ایک اونٹ کا بچہ چرایا۔

اونٹ کے بچے کے مالکان نے دبئی پولیس میں شکایت درج کی کہ ان کے فارم سے اونٹ کا بچہ غائب ہو گیا ہے جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے اونٹ کے بچے کی تلاش کی گئی لیکن وہ ناکام رہی اور کچھ دنوں بعد اونٹ کا بچہ چوری کرنے والے شخص نے ایک ڈرامہ رچایا کیونکہ اس سے اور اس کی گرل فرینڈ سے وہ اونٹ کا بچہ سنبھالا نہیں جا رہا تھا۔

چور نے انجان بن کر پولیس کو کال کی اور کہا کہ انہیں فارم سے 3 کلو میٹر کی دوری سے ایک اونٹ کا بچہ ملا ہے۔

پولیس نے جب اس سے تفتیش کی تو شہری نے اپنے جرم کا خود ہی اعتراف کر لیا اور کہا کہ اس نے ہی اونٹ چوری کیا تھا اور اسے اپنی گرل فرینڈ کو تحفے میں دیا تھا، بچہ جب ان دونوں سے سنبھل نہ سکا تو انہوں نے مالک تک واپس پہنچانے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا۔

پولیس نے مالکان کو اونٹ کا بچہ لوٹا کر شہری اور اس کی گرل فرینڈ کو جھوٹا بیان دینے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔

مزید خبریں :