پاکستان
Time 23 فروری ، 2021

فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس، چیف جسٹس نے 10 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے  جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس  میں درخواستوں کی سماعت کیلئے 10 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔

گزشتہ دنوں جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں6 رکنی بینچ نے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا تھا جس کے بعد اب چیف جسٹس نے نظرثانی درخواستوں کی سماعت کیلئے 10رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال 10 رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے جبکہ بینچ میں جسٹس فائزعیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس میں اختلافی نوٹ لکھنے والےججز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیٰی آفریدی اور جسٹس مقبول باقر بینچ کا حصہ ہیں جبکہ جسٹس امین الدین خان کو جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ کے باعث بینچ میں شامل کیا گیا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس کی سماعت یکم مارچ کو ہوگی۔

خیال رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اورمختلف بار کونسلز نے صدارتی ریفرنس کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

مزید خبریں :