Time 23 فروری ، 2021
کھیل

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹیسٹ کرکٹرز کی خامیوں پر کام شروع

بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ کرکٹرز میں مہارت بھی ہے اور کھیل کی آگاہی بھی، ان کی تکنیک کے لیے ہلکی پھلکی ٹیوننگ کا کام کیا جا رہا ہے— فوٹو: فائل

‏نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹیسٹ کرکٹرز کی خامیوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔  

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی ) کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ کرکٹرز میں مہارت بھی ہے اور کھیل کی آگاہی بھی، ان کی تکنیک کے لیے ہلکی پھلکی ٹیوننگ کا کام کیا جا رہا ہے۔

‏ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایسے کرکٹرز جو ان دنوں پاکستان سپر لیگ کا حصہ نہیں ہیں، ان کے ساتھ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کیا جا رہا ہے۔ بیٹنگ کوچ محمد یوسف کرکٹرز کو ٹپس دے رہے ہیں جبکہ ہیڈ آف انٹر نیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق بھی ٹریننگ کو مانیٹر کر رہے ہیں جبکہ ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مصباح الحق اور فیلڈنگ کوچ عبدالمجید بھی موجود ہوتے ہیں۔

ٹریننگ کرنے والوں میں اوپنرز عابد علی، عمران بٹ اور فاسٹ بولر محمد عباس شامل ہیں۔

محمد یوسف نے بتایا کہ بیٹسمینوں کو درست انداز میں کھڑے ہونے،  توازن کے ساتھ شاٹس کھیلنے اور بال پھینکے جانے کا انتظار سکھا رہے ہیں۔ عابد علی اور عمران بٹ کا زیادہ مسئلہ نہیں ہے، یہ باصلاحیت کرکٹرز ہیں، ان کے تواز ن بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور دوسرا انہیں بتایا جا رہا ہے کہ بال پھینکے جانے کا انتظار کریں جلد بازی میں کھیلنے کے لیے آگے نہ بڑھیں۔

‏ سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹرز میں کھیل کی آگاہی ہے، مختلف ڈرلز سے ان کی تکنیک کو بہتر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز میں کمیونیکیشن کا فرق نہیں ہے، ساؤتھ افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل یہ ایک اچھی چیز ہوئی کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کراچی گئے اور وہ قومی ٹیم کے ساتھ رہے۔ اس دوران این ایچ پی سی اور قومی ٹیم کے کوچز کو ایک دوسرے کی حکمت عملی سمجھنے کا موقع ملا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد یونس خان سمیت تمام کوچز ایک ساتھ بیٹھے،  ہم سب نے آپس میں صلاح مشورہ کیا، تمام کوچز کی ایک سوچ ہے جو کہ اچھی بات ہے۔

‏ محمد یوسف نے کہا کہ ہم پورا سال بیٹھے ہیں، کرکٹرز کو دستیاب ہیں، ان کے ساتھ کام کریں گے، بینچ اسٹرنتھ کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر بلایا جا رہا ہے، ببیٹسمین، بولرز اور وکٹ کیپرز پر کام کریں گے۔

مزید خبریں :